۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ساجد نقوی 

حوزہ/ یوم آزادی صحافت کے مناسبت سے قائد ملت جعفریہ پاکستان نے میڈیا ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قلم کا آزاد استعمال اور کسی دباﺅ میں آئے بغیر کلمہ حق بلند کرنا اور مظلوم کی آواز بننے کی روایات اور خصوصیات کو ختم نہیں ہو نا چاہیے، حقائق کے برعکس خبریں اشاعت کرنا یا کر دار کشی صحافت کی اعلیٰ اقدا کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ یوم آزادی صحافت کا مقصد کسی دباو کے بغیر آزاد اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانا ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ صحافت لوگوں کی رہنمائی کرنے، افراد کو ایک دوسرے سے جوڑنے، معلومات بہم پہچانے،تبصروں کے ذریعہ عوام الناس کو حقائق سے روشناس کرانے اور اصلاح و معاشرہ کا نام ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے یوم آزادی صحافت کے مناسبت سے بذریعہ ٹیلی فونک میڈیا ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یوم آزادیِ صحافت کا دن منانے کامقصدبھی دراصل اہل صحافت کا اس بات کی تجدید کر نا ہے کہ کسی بھی دباو ، لالچ ،انتہا پسند عناصر یا ریاستی منفی دباو کے بغیر آزاد ، صحیح اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانے کے بنیادی حق کےلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میںآئی ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں آزادی صحافت پر مکمل جبکہ متعدد ممالک میں جزوی پابندی عائد رہی ہیں۔اس وقت پاکستان میں بھی صحافی شدید مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں۔ لیکن اس کے باوجود سنجیدہ صحافیوں نے اپنے فرائض سے منہ نہیں پھیر ا بلکہ درست اور جلد معلومات اور حقائق عوام تک پہنچائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کیلئے صحافت کا کلیدی کر دار ہے۔ قلم کا آزاد اور کسی دباﺅ میں آئے بغیر کلمہ حق بلند کرنا اور مظلوم کی آواز بننے کی روایات اور خصوصیات کو ختم نہیں ہو نا چاہیے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے البتہ سنسنی خیز سرخیاں اور بریکنگ نیوز بنانے کے لئے بے بنیاد اور جھوٹی خبر بنانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اس لئے کہ آزادی صحافت کا مطلب یہ قطئی نہیں ہے کہ صحافت کے ذریعے ملک میں بد امنی پھیلائی جائے اور حکمرانوں یا کسی خاص پارٹی کے مخصوص ایجنڈے کو پورا کرنے اورمخالفین کو زیر کرنے کےلئے منصوبہ بندی کے ساتھ کی جانے والی کسی بھی منفی مہم کو تقو یت فراہم کی جائے ۔ حقائق کے برعکس خبریں اشاعت کرنا یا کر دار کشی صحافت کی اعلیٰ اقدا کو پامال کرنے کے مترادف ہے ۔

آخر میں علامہ ساجد نقوی نے پاکستان میں آزادی صحافت کےلئے جد وجہداورجانیں قربان کرنے والوں، دھمکیوں اور تشدد سے مرعوب نہ ہونے والوں اور حق کی آواز بلند کرنے والوں کو خراج تحسین کیا ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .